ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / رمضان المبارک میں مسجد حرام اور مسجد نبوی میں اعتکاف کا عمل معطل رہے گا

رمضان المبارک میں مسجد حرام اور مسجد نبوی میں اعتکاف کا عمل معطل رہے گا

Wed, 22 Apr 2020 17:03:40    S.O. News Service

ریاض،22؍اپریل (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) سعودی عرب میں الحرمین الشریفین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی نے پیر کے روز ٹویٹر پر اعلان کیا ہے کہ رمضان المبارک میں مسجد حرام اور مسجد نبوی میں اعتکاف کا عمل معطل رہے گا۔ یہ فیصلہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے احتیاطی اقدامات کے ضمن میں کیا گیا ہے۔ اسی طرح الحرمین الشریفین کے امور کے سربراہ عام ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے اعلان کیا ہے کہ مسجد حرام اور مسجد نبوی میں نمازیوں کی حاضری معطل رہے گی تاہم اس کے ساتھ دونوں مقامات پر نماز تراویح ادا کی جائے گی۔ البتہ رواں سال تراویح کی رکعات بیس کے بجائے دس ہوں گی۔ ڈاکٹر السدیس نے ”رمضان کے افطار کی باسکٹ“ کی تقسیم کے منصوبے کا بھی اعلان کیا۔ اس منصوبے پر عمل درآمد مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے سکریٹریز کے تعاون سے کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ رمضان مبارک کے دوران ہر سال حرمین شریفین میں افطار کے دسترخوان کا متبادل ہو گا۔ کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے حفاظتی اقدامات کے ضمن میں رواں سال اس دسترخوان کے اہتمام کو معطل کر دیا گیا ہے، لہٰذا اب مستحق افراد میں افطار باسکٹس کو تقسیم کیا جائے گا۔


Share: